پٹنہ، 15؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)بہار میں اپوزیشن بی جے پی نے آج وزیر اعلیٰ نتیش کمار سے تین طلاق پر جے ڈی یو کا رخ صاف کرنے کو کہا ہے۔سپریم کورٹ میں تین طلاق پر مرکزی حکومت کی جانب سے دی گئی دلیل کی حمایت کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر لیڈر سشیل کمار مودی نے کمار سے کہا کہ وہ صاف کریں کہ کیا وہ ’’مسلم خواتین کے مفادات‘‘کی حمایت کرتے ہیں۔حالانکہ ہندوطبقہ جہاں طلاق کے اعدادوشمارسب سے زیادہ ہیں،ان کی خواتین کے مفادات کی انہوں نے کوئی بات نہیں کی۔انہوں نے کہاکہ جے ڈی یو تین طلاق کے حق میں ہے یا نہیں اس پر نتیش کمار کو اپنی خاموشی توڑنی چاہئے اور(کل سے)راجگیر میں شروع ہو رہے پارٹی کی دو روزہ قومی کونسل میں اپنی پارٹی کا رخ صاف کرنا چاہئے۔مودی اپنی سرکاری رہائش گاہ میں پارٹی کی ریاستی مجلس عاملہ کے اراکین کے اجلاس کو دوسرے اور آخری دن خطاب کر رہے تھے۔بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور بہار انچارج اور راجیہ سبھا رکن بھوپندر یادو نے کہا کہ جے ڈی یو اور آر جے ڈی کو اس مسئلے پر اپنا رخ صاف کرنا چاہئے۔یادو نے کہا کہ پاکستان سمیت مختلف ممالک نے تین طلاق کے چلن کی مخالفت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ(تین طلاق کو ختم کرنے کی)مانگ مسلم خواتین کی ہے جس پر سپریم کورٹ میں سماعت چل رہی ہے۔حالانکہ صورتحال برعکس ہے۔اکثرمسلم خواتین مسلم پرسنل لاء میں تبدیلی کے خلاف ہیں۔